سندھ میں موسلا دھار بارشوں کے باعث 29 افراد جاں بحق

 

سندھ میں موسلا دھار بارشوں کے باعث 29 افراد جاں بحق

سندھ میں موسلا دھار بارشوں کے باعث 29 افراد جاں بحق

رپورٹس کے مطابق سندھ میں موسلا دھار بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 29 افراد کی جان چلی گئی ہے۔

خیرپورمیں گھر کی چھت گرنے سے تین بچوں سمیت چھ افراد جاں بحق جبکہ دادو میں چھتیں گرنے سے چار افراد زندگی سے ہاتھ دھوبیٹھے جبکہ بیس زخمی ہوئے۔

اسی طرح نوابشاہ میں ایک مکان کی دیوار گرگئی جس کے باعث دو بچے دم توڑ گئے۔ شکارپور میں بھی چھت کے نیچے دب کر دو بہنیں جاں بحق ہوئیں۔ کوٹ ڈیجی میں سیلابی ریلےمیں بہہ کر دو افراد جان کی بازی ہارگئے۔

جوہی میں بھی بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔ شہر میں بارش کے پانی داخل ہونے اوردیہی آبادی میں سیلاب کی وجہ سے شہری اپنی مدد آپ کے تحت نکل مکانی کرنے پر مجبور ہوگئے۔

شہداد پور اور ٹنڈو آدم میں بھی بارش کے پانی سے گلیاں، بازار تالاب کا منظر پیش کرتی رہیں۔ کئی شہریوں کی موٹرسائیکل اور گاڑیاں برساتی پانی میں خراب ہوگئیں۔ بارش کے باعث ٹنڈوآدم اور کشمور کا حلیہ بگڑگیا۔ سڑکوں پر بھرے بارش کے پانی نے شہریوں کو اذیت میں مبتلا کردیا۔

موسلادھار بارش کے بعد ہالہ ،سانگھڑ، مٹیاری اور عمرکوٹ شہر بھی تالاب کا منظر پیش کرنے لگے۔ سڑکیں، بازاراور گلیاں پانی میں ڈوب گئیں۔جس کے باعث شہری گھروں میں قید ہوکر رہ گئے۔

وفاقی وزیر شیری رحمان کا کہنا ہے کہ سندھ میں چوبیس گھنٹوں کے دوران بارش کا نیا ریکارڈ بن گیا ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 335 ملی میٹر بارش ہوئی۔ اس سے پہلے دو ہزار گیارہ میں 238 ملی میٹر بارش ہوئی تھی ۔ شیری رحمان نے دعویٰ کیا کہ جامشورو میں کلاوڈ برسٹ ہوا ۔ جس سے علاقے میں تباہی ہوئی ۔

وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہےصوبے میں بارشوں کی تباہ کاریوں سے چالیس ارب روپے کا نقصان ہوا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے متاثرین کے لئے ریلیف پیکج دینے کی ہدایت کی ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی زیر صدارت بارشوں کے نقصانات اور حکومتی اقدامات کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ حکام نے بتایا کہ ڈی واٹرنگ مشینیں لگاکر پانی نکا لا جارہا ہے۔ متاثرین کو خیمے اور کھانا بھی فراہم کررہے ہیں۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ بارشوں کے دوران ایک سو چھیاسٹھ اموات ہوئیں۔ نو اضلاع کو آفت زدہ قرار دے چکے ہیں، مزید چار اضلاع کو بھی آفت زدہ قرار دیا جا رہا ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے۔

Post a Comment

جدید تر اس سے پرانی