تمباکو اور سگریٹ نوشی کے نقصانات

تمباکو اور سگریٹ نوشی کے نقصانات

 

تمباکو اور سگریٹ نوشی کے نقصانات

پاکستان سمیت دنیا بھر میں انسداد تمباکو نوشی کاآج عالمی دن منایا جارہا ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد تمباکواور سگریٹ  نوشی کے مضر اثرات اور مہلک امراض کے بارے میں عوام کو آگاہی فراہم کرناہے۔ دنیا بھرمیں تمباکو نوشی ترک کرنے کا دن منانے کا فیصلہ کیاگیاتھاجس کے بعدپاکستان سمیت دنیا بھر میں ہرسال 31مئی کو ترک تمباکو نوشی کا دن منایا جاتاہے۔

ورلڈ ہیلتھ آگنائزشن کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق دنیا میں سالانہ ساٹھ لاکھ افراد تمباکو نوشی سے ہونے والی بیماریوں میں مبتلا ہو کر مر جاتے ہیں۔ جن میں 6 لاکھ سے زیادہ خود تمباکو نوشی نہیں کرتے، بلکہ تمباکو نوشی کے ماحول میں موجود ہونے کی وجہ سے دھوئیں کا شکار ہو جاتے ہیں۔

 دنیا بھر میں ایک ارب سے زیادہ لوگ تمباکو نوشی کرتے ہیں، جن میں سے 80 فیصد لوگوں کا تعلق ترقی پذیر ممالک سے ہے۔ پاکستان، بھارت، فلپائن، تھائی لینڈ اور کمبوڈیا میں تمباکو نوشی کی وبا تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ ترقی یاقتہ ممالک میں جاپان، چین کے 60 فیصد مرد حضرات سگریٹ نوشی کی عادت میں مبتلا ہیں۔

سگریٹ نوش آبادی میں 12 فیصد خواتین ہیں، جبکہ روزانہ ایک لاکھ بچے سگریٹ نوشی شروع کرتے ہیں۔ سگریٹ، پائپ، سگار، حقہ، شیشہ اور تمباکو کو کھانے والا استعمال جیسا کہ پان، چھالیہ، گٹکا وغیرہ اور سونگنا جیسی تمام عادات  نہایت خطرناک ہیں۔

تمباکو نوشی کے نقصانات

تمباکو اور اس کے دھوئیں میں تقریباً 4000 مضرکیمیکلز ہو جاتے ہیں، جن میں 250 کے قریب انسانی صحت کیلئے نہایت نقصان دہ پائے گئے ہیں اور 50 سے زائد ایسے کیمیکل موجود ہوتے ہیں، جو کینسر کا باعث بن سکتے ہیں۔ ان میں سے 6 کیمیکل بینزین (پیٹرولیم کی پروڈکٹ) امونیا (ڈرائی کلین اور واش رومز میں استعمال ہونے والا کیمیکل) فارمل ڈی ہائیڈ (مُردوں کو محفوظ کرنے کا کیمیکل) اور تارکول شامل ہے۔

تمباکو کے دھوئیں سے خون کی نالیاں سخت ہو جاتی ہیں، جس سے ہارٹ اٹیک اور اسٹروک کا خطرہ بڑھ جاتاہے۔ اس دھوئیں میں کاربن مونواکسائیڈ گیس بھی ہوتی ہے، جو خون میں آکسیجن کی کمی کا سبب بن جاتی ہے۔

emphysema اور ایفی زیما (COPD) سگریٹ نوش سانس کی بیماریوں کا شکار ہو جاتا ہے، جس میں برونکائٹس قابل ذکر ہے۔ ایفی زیما میں پھیپھڑوں میں ہوا کی جگہیں بڑھ جاتی ہیں۔ اس سے سانس لینے میں دشواری اور انفیکشن یعنی نمونیا ہونے کا خطرہ رہتا ہے۔ اس حالت میں پھیپھڑوں کے ٹشوز ہمیشہ کیلئے ٹوٹ پھوٹ جاتے ہیں، جس سے مریض کو شدید کھانسی، سانس لینے میں دشواری اور دمہ کی علامات پیدا ہو جاتی ہیں۔ پھیپھڑوں کا نمونیہ ہونے کی صورت میں پھیھپڑوں کو مناسب آکسیجن نہیں ملتی، جس سے دوسرے اعضاء خاص طور پر دماغ بہت متاثر ہوتا ہے اور مریض کا سانس بند ہونے سے موت واقع ہو جاتی ہے۔

عام افراد کی نسبت سگریٹ نوش کو دل کی بیماری ہونے کا خطرہ دگنا ہوتا ہے۔ تمباکو خون کی شریانوں کو سخت کرنے کا باعث بنتا ہے۔ جس سے دل کے پھٹوں کو خون کی فراہمی رک جاتی ہے اور دل کا دورہ پڑ جاتا ہے۔

 سگریٹ نوشی سے دماغ کو خون کی فراہمی کم ہو جاتی ہے اور انسان ہیمبرج کا شکار ہو جاتا ہے، جس سے دماغ میں موجود خون کی شریانیں پھٹ جاتی ہیں۔

 اس طرح سگریٹ نوشی منہ، گلا، خوارک کی نالی، معدے، جگر، مثانہ، لبلبہ اور گردے کے کینسر کا باعث بھی بنتی ہے۔ دل کی 20 فیصد بیماریاں سگریٹ نوشی کی وجہ سے ہوتی ہیں۔ جبکہ دماغ کی کچھ نفسیاتی اور دیگر بیماریوں کا تعلق بھی تمباکو نوشی سے ہے۔

تمباکو چبانے اور سونگھنے والے افراد کو منہ، مسوڑھوں اور گلے کا کینسر ہونے کا بہت امکان ہوتا ہے۔ تمباکو نوش عموماً جوانی میں ہی فوت ہو جاتے ہیں، جس سے جہاں ان کے خاندان اپنوں کی قربت سے محروم ہو جاتے ہیں، وہیں وہ ان کی آمدنی سے بھی محروم ہو جاتے ہیں۔

 اس طرح تمباکو نوش افراد کے خاندان کی صحت کی دیکھ بال کے اخراجات میں اضافہ ہوتا ہے اور ملکی طور پر بھی صحت کے اخراجات میں اضافہ ہونے سے ترقی کی راہ میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے۔

اس کے علاوہ سگریٹ نوشی کے دیگرکئی نقصانات  ہیں، جیسا کہ ہڈیوں کا کمزور ہوکر کولہے کی ہڈی کا ٹوٹ جانا، معدے کا السر، چہرے اور جسم کی جلد پر جھریاں پڑجانا، تمباکو نوشی کا سب سے زیادہ اور خطرناک نقصان پھیپھڑوں کی بیماریاں ہیں۔ جن میں مبتلا تقریباً 90 فیصد لوگ موجودہ یا سابقہ تمباکو نوش ہوتے ہیں۔ جتنے زیادہ آپ سگریٹ پیتے ہیں، اتنا ہی پھیپھڑوں کا کینسر ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

سگریٹ نوشی سے چھٹکارا کیسے حاصل کریں؟

سگریٹ نوشی سے چھٹکارا حاصل کرنا مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں۔ اس عادت سے آپ آہستہ آہستہ چھٹکارا حاصل کرسکتے ہیں۔

ایک ڈائری لیں اور اس میں تمباکو نوشی کے نقصانا ت درج کریں اور انہیں روزانہ پڑھیں۔

سگریٹ پینے کی عادت کو ٹالیں۔ روزانہ پینے کی بجائے چندروز بعد پئيں اسی طرح پھر ہفتوں اور پھر مہینوں بعداستعمال کریں اور پھر ترک کردیں۔

اس عادت سے چھٹکارا حاصل کرنے کیلئے روزہ رکھنا بھی فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔

ایک بات یہ بھی یاد رکھیں کہ سگریٹ نوشی پیسوں کاضیاع ہے جو کہ آپ کی فیملی کیلئے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔

ایسی محفلوں سے گریز کریں جہاں سگریٹ نوشی یا نشہ آور اشیاء کا استعمال ہورہا ہو۔

Post a Comment

جدید تر اس سے پرانی