کراچی: گودام سے 4 کروڑ 80 لاکھ پیناڈول کی گولیاں ضبط کرلی گئیں

کراچی: گودام سے 4 کروڑ 80 لاکھ پیناڈول کی گولیاں ضبط کرلی گئیں


 کراچی: گودام سے 4 کروڑ 80 لاکھ پیناڈول کی گولیاں ضبط کرلی گئیں

تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت سندھ کے عہدیداروں کے بیان کے مطابق کراچی کے علاقے ہاکس بے میں ایک گودام پر چھاپہ مارا گيا جہاں پیناڈول کی ذخیرہ کردہ 4 کروڑ 80 لاکھ گولیاں ضبط کرلی گئی۔

صوبائی ڈرگ انسپکٹر دلاور علی جسکانی نے نجی ٹی وی چینل کو بتایا کہ مذکورہ گودام جس پر چھاپا مارا گيا وہ گلیکسو اسمتھ کے لائن (GlaxoSmithKline) کنزیومر ہیلتھ کیئر لمیٹڈ کمپنی کا ہے۔

ڈرگ انسپکٹر کے مطابق ادویات کی ذخیرہ اندوزی مارکیٹ میں مہنگے داموں فروخت کرنے کے لیے کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ضبط کی گئیں پیناڈول کی گولیوں کی مالیت تقریباً 25 کروڑ روپے ہے۔ تاہم پولیس کی جانب سے معاملے کی تفتیش شروع کردی ہے۔

اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے ایک ٹویٹ کیا کہ ایک ایسے وقت میں ادویات کی ذخیرہ اندوزی کی جا رہی ہے جب مریضوں کے لیے دواؤں کی سخت ضرورت ہے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے بھرپور کارروائی کی گئی ہے اور اس حوالے سے مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

ملک میں حالیہ سیلاب کے باعث ڈینگی کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے اس ٹیبلیٹ کی مانگ بہت زیادہ بڑھ گئی ہے۔

دوسری جانب کمپنی نے اپنے ایک گودام پر چھاپے کی تصدیق کرتے ہوئے ذخیرہ اندوزی کے دعوے کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ ہم قلت پیدا کرنے کے لیے جان بوجھ کر پیناڈول ذخیرہ کرنے سے متعلق تمام دعووں کی سختی سے تردید کرتے ہیں۔

کمپنی کے مطابق گودام میں موجود ادویات کا اسٹاک ملک میں عام کاروبار کے لیے تقسیم کیا جانا تھا۔

بیان میں کمپنی کی جانب سے کہا گیا کہ کمپنی کا مقصد صحت کی بہتری کے لیے ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے اور اس مشکل وقت میں پاکستان کے عوام کے ساتھ ہماری وابستگی سے اس بات کا ثبوت ہے۔

کمپنی نے مزید کہا کہ ہم ملک میں پیناڈول کی فراہمی کو جاری رکھیں گے اور مارکیٹ میں رکاوٹوں کے باوجود ادویات کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے ہم نے پیداواری صلاحیت ایڈجسٹ کی ہے۔

Post a Comment

جدید تر اس سے پرانی