بیر کے فوائد - ber ke fayde

 

بیر کے فوائد -   ber ke fayde

بیر کے فوائد -   ber ke fayde

آج کل بیر کا موسم ہے۔برصغیر پاک و ہند میں اگنے والے اس مزیدار پھل کی دو قسمیں ہیں۔ ایک جنگلی بیری جو عام طور پر جھاڑی کی شکل کی ہوتی ہے اور دوسری عام قسم یعنی گھریلو پیڑیادرخت ہے۔

 جنگلی بیری کو جھڑبیری بھی کہا جاتا ہے۔ ا س کا پھل عام طور پر گول اور چھوٹا ہو تا ہے۔ بیر کی دوسری قسم  کو کاشت کیا جاتاہے۔ اس کا پھل بیضوی، گداز گودا اور جسامت میں بڑا ہو تا ہے۔ یہ چھوٹی قسم کی نسبت شیریں ہو تا ہے۔ قدرت نے اس خوبصورت پیڑ کے پھل، چھال اور پتوں غرض یہ کہ بیری کے پیڑ میں غذائی اور ادویاتی خواص رکھے ہیں۔

بیر وٹامن بی کا خزانہ ہے۔ اس کے علاوہ اس میں وٹامن اے اور ڈی بھی پائے جاتے ہیں۔ معدنیات کی بات کی جائے تو اس میں فولاد، کیلشیم، پوٹاشیم اور فلو رین بھی شامل ہیں۔ طب یونانی کے مطابق بیر کا مزاج سرد ہے اور یہ جسم میں گوشت بنانے کی صلاحیت رکھتاہے۔

ان دنوں یہ پھل بازاروں میں عام دستیاب ہے۔ یہ ہر سال کچھ ہفتوں کے لیے کھانے کو ملتا ہے۔

عام طور پر اس کی زیادہ تر پیداوار جنوبی ایشیاء میں ہی ہوتی ہے اور اس کا منفرد کھٹا میٹھا ذائقہ اور مختلف رنگ ہوسکتے ہیں۔

کیا آپ کو معلوم ہے کہ یہ پھل صحت کے لیے کتنا فائدہ مند ہے؟

بیر کے فائدے

بیری کے بہت سارے فوائد ہیں جن کو جان کر آپ حیران رہ جائیں گے۔

بڑھے ہوئے پیٹ کا علاج

بیری کی راکھ یا گوندکسی پنساری سےلی جاسکتی ہے اور درخت سے تا زہ حالت میں بھی حاصل کر سکتے ہیں۔ ڈیڑھ ماشہ سے چھ ماشے تک راکھ کی مقدار عرق مکو اور عرق بادیان پانچ پانچ تولے کے سا تھ صبح چند دن تک استعمال کر نے سے بدن کی چر بی پگھلنے لگتی ہے اور بڑھا ہوا پیٹ کم ہو نے لگتا ہے۔

اچھی نیند میں مددگار

بیر کو روایتی چینی ادویات میں نیند کے مسائل اور بے خوابی کے علاج کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ بیر اور اس کا بیج فلیونوئڈز، صابونین اور پولی سیکرائیڈ سے بھرپور ہوتے ہیں، صابونین وہ جز ءہے جو قدرتی نیند لانے میں مدد دیتا ہے، اورپورے اعصابی نظام کو سکون پہنچا کر جلد سونے میں مدد دیتا ہے۔

بیر سے قبض کا علاج

اگر آپ اکثر قبض کا شکار رہتے ہیں تو بیر اس کا اچھا علاج ثابت ہوسکتا ہے۔ دیرینہ قبض ایسا مرض ہوتا ہے جس کے بارے میں لوگ بات کرنے سے ہچکچاتے ہیں اور اس سے معدے کی صحت بری طرح متاثر ہوجاتی ہے۔ مٹھی بھر بیر اس مسئلے سے نجات دلانے میں مدد دے سکتے ہیں، جس کی وجہ ان میں اعلیٰ معیار کی فائبر کی موجودگی ہے جو ہاضمے اور آنتوں کی سرگرمیوں کو بہتر کرتی ہے۔

بیری کی چھال اسہال، پیچش اور قولنج کے علاج میں نہایت موثر ہے۔ اندرونی چھال کا جو شاندہ قبض کی حالت میں جلاب کے طور پر دیا جاتا ہے۔

ذہنی بے چینی دور کرے

بیرکو دماغ اور اعصابی نظام کو سکون پہنچانے والا پھل کہا جاتاہے، جبکہ ذہنی بے چینی میں بھی کمی لاتا ہے۔ اس کے اثرات ہارمونز کی سطح پر کام کرکے ذہن اور جسم کو سکون فراہم کرتے ہیں۔

دماغی امراض  کے خاتمے میں معاون

بیر ذہنی امراض کے خاتمے میں مدد دیتا ہے، ایسے ذہنی مریض جن کا دماغ بہت زیادہ سست ہو، ان کے علا ج کے لیے مٹھی بھر خشک بیر آدھے لیٹر پانی میں اس وقت تک ابالیں جب تک پانی آدھا نہ رہ جائے۔ پھر اس آمیزے میں حسب ذائقہ شہد یا چینی ملا کر روزانہ رات سونے سے قبل مریض کو کھلایا جائے۔ یہ علاج دماغ کی کارکردگی کو بڑھا کر مریض کو فعال بنا دے گا۔

وٹامن سی سے بھرپور

بیر وٹامنز اور اینٹی آکسائیڈنٹس کا خزانہ ہے خصوصاً وٹامن سی سے بھرپور ہوتا ہے، جو جسم میں گردش کرنے والے فری ریڈیکلز کے خلاف مزاحمت کرتا ہے جبکہ جسمانی دفاعی نظام کو مضبوط کرکے موسمی بیماریوں کو دور بھگاتا ہے۔ واضح رہے کہ ہمارا جسم وٹامن سی بنانے میں ناکام رہتا ہے اور اکثرغذاؤں کے ذریعے ہی اسے حاصل کیا جاتا ہے۔

خون کی گردش بہتر کرے

آئرن اور فاسفورس کی موجودگی کی وجہ سے بیر خون کی گردش کو ریگولیٹ کرنے میں مدد دیتےہیں، یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ آئرن کی کمی اینیمیا یا خون کی کمی کے مرض کا باعث بنتی ہے جو کہ مسلز کی کمزوری، سر چکرانے، بدہضمی، سر کا ہلکا پن اور دماغی افعال کے مسائل کا باعث بن سکتا ہے۔

ہڈیوں کی صحت بہتر بنائے

بیر کا استعمال ہڈیوں کو مضبوط تربنانے میں بھی مددگار ہے۔ کیلشیئم، فاسفورس اور آئرن جیسے اجزاءہڈیوں کی مضبوطی میں بہترین کردار ادا کرتے ہیں۔ ہڈیوں کی کمزوری کے شکار افراد اس پھل کو کھانے کی عادت بنائیں تو وہ بیماری کے اثرات کو ختم کر سکتے ہیں۔

بیری کے پتوں کے فائدے

بیر کے ساتھ ساتھ اس کے پتوں کے بھی بے شمار فوائد ہیں

بلڈ پریشر کے خلاف بھی مفید

ترش (جنگلی) بیری کے ایک تولہ پتے صبح کو ایک گلاس پانی میں بھگو دیں۔ شام کو مل چھان کر، چینی ملا کر پینے سے انشاء اللہ شریا نوں کی لچک بحال ہو جائے گی اور مرض دور ہو گا۔

بیر میں نمک کی سطح کم اور پوٹاشیم زیادہ ہوتا ہے اور یہ دونوں عناصر اس پھل کو بلڈ پریشر کو کنٹرول میں رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔ پوٹاشیم خون کی شریانوں کو سکون فراہم کرتا ہے جس کے نتیجے میں خون کی روانی ہموار اور بلڈ پریشر مستحکم رہتا ہے۔ یہ بھی جان لیں کہ بلڈپریشر کا بڑھنا امراض قلب، ہارٹ اٹیک اور فالج کا خطرہ بڑھاتا ہے یعنی بیر ان جان لیوا امراض کا خطرہ کم کرتے ہیں۔

منہ کے امراض

بیری کے تازہ پتوں کا جوشاندہ نمک ملا کر غراروں کے لیے استعمال کرنا، گلے کی خراش، منہ کی سوزش، مسوڑھوں سے خون بہنا اور زبان پھٹ جا نے کے امراض میں شافی علاج ہے۔

آشوب چشم میں مفید

دکھتی آنکھوں کے لیے بیری کے پتے بہت فوائد کے حامل ہیں۔ پتوں کا جوشاندہ آنکھوں میں ڈالنے والی دوا کی طرح استعمال کرنا آنکھوں کوصحت دیتا ہے۔

جلد کی بیماریوں کا حل

بیری کی ٹہنیوں اور پتوں کا لیپ پھوڑوں ، پھنسیوں وغیرہ پر لگانے سے پیپ بہت جلد پک کر خارج ہو جاتی ہے۔ پلٹس کو ایک چھوٹا چمچہ لیموں کے رس میں ملا کر بچھو کے ڈنک پر لگانے سے تسکین ملتی ہے۔پرانا زخم اور ناسور دھونے کے لیے بھی بیری کے پتوں کا جوشاندہ بہترین ہے۔

بالوں کےامراض کاخاتمہ

سر پر بیری کے پتوں کا لیپ لگانا بالوں کو صحت مند اور خوش نما بناتا ہے۔ اس کے استعمال سے سر کی جلد کے امراض دور رہتے ہیں اوربال سیاہ ہو تے ہیں۔

Post a Comment

جدید تر اس سے پرانی