روزہ رکھنے کے بے شمار طبی فائدے

 

روزہ رکھنے کے فائدے

روزہ رکھنے کے بے شمار طبی فائدے

رمضان المبارک کی آمد آمد ہے۔ رمضان کے مہینے میں پوری دنیا کے مسلمان ایک مذہبی فریضہ کے طور پر روزے رکھتے ہیں۔پورا مہینہ مسلسل روزے رکھنے سے انسانی صحت پر بے انتہاطبی فائدے حاصل ہوتے ہیں۔

روزے کے جسمانی، طبی اور سائنسی لحاظ سے اتنے فائدے ہیں کہ ان کا شمار کرناممکن نہیں ہے۔روزہ انسان میں صبر اور برداشت پیدا کرتا ہے۔روزہ صرف عبادت ہی نہیں بلکہ انسانی صحت کے لیےبھی بہت مفید ہے۔ روزہ رکھنے سے انسانی جسم میں حیرت انگیز اور خوشگوار تبدیلیاں آتی ہیں جو اسے دیرپا فائدہ پہنچاتی ہیں۔

ویسے تو روزہ رکھنے کے فوائدان گنت ہیں لیکن ان میں سے چند ایک پیش خدمت ہیں۔

روزہ رکھنے کے فائدے

روزہ دماغ کو صاف کرتا ہے

روزہ دار انسان روزے کی حالت میں  غیبت، حسد اور بہت سی دوسری منفی باتوں اور برے کاموں سے پرہیز کرتا ہےتو اس کا دماغ خود بخود پاک ہوجاتا ہے۔

آپ کے دماغ پر ان احساسات کے منفی اثرات سائنس سے ثابت  ہیں۔ لہذا، جب آپ اخلاص دل سے روزہ رکھتے ہیں اور اپنے آپ کو برے کاموں سےدور رکھتے ہیں تو اس کا آپ پر روحانی اثر پڑتا ہے اور آپ  جسمانی و ذہنی طور پرصحت مند رہتے ہیں۔

بھوک کو کنٹرول کرتا ہے

ہم میں سےہر کوئی چاہتا ہے کہ اس کا وزن کم رہے۔ آپ اپنے وزن کو کنٹرول کرنے کے لیے مختلف طریقے اختیارکرتے ہیں اور وزن کو کنٹرول کرنے کا بہترین طریقہ اپنی بھوک کو کنٹرول کرنا ہے۔ روزہ آپ کو اپنی بھوک کو کنٹرول کرنے میں مدد کرتا ہے۔

اگر آپ صحت مند کھانے کا طرز زندگی شروع کرنا چاہتے ہیں تو اس پر عمل کرنے کے لیے  روزہ رکھنا بہترین ذریعہ ہے۔ پورے رمضان کے روزے آپ کے معدے کو سکڑنے میں مدد دیتے ہیں، جس سے آپ کا معدہ کم کھانے کا عادی ہو جاتا ہے اور کم کھانے سے آپ کی بھوک ختم ہوتی ہے اورپیٹ بھرا ہوا محسوس ہوتا ہے۔

جسم سے زہریلے مادوں کا اخراج

رمضان المبارک کے دوران روزہ رکھنے اور عبادات کی مشق سے ہمارے جسم کو بھی ان گنت فوائد حاصل ہوتے ہیں۔ رمضان المبارک کے پہلے ہی دن سے انسانی جسم میں زہریلے اور فاسد مادوں کی صفائی کا عمل شروع ہو جاتا ہے۔ آپ کے خون سے چینی کے مضراثرات کا عمل دخل کم ہو جاتا ہے اور شوگر لیول کنٹرول ہوتا ہے۔ دھڑکن سست ہو جاتی ہے اور بلڈ پریشر کی سطح کم  ہو جاتی ہے۔

در اصل توانائی کا ذخیرہ ہمارے جسم میں چربی کے چھوٹے چھوٹے ذرات کی شکل میں جمع ہوتا رہتا ہے روزہ رکھنے سے چونکہ روزہ دار سارا دن بھوکا پیاسا رہتا ہے تو جسم میں موجود چربی محفوظ شدہ توانائی کو خارج کرنا شروع کردیتی ہے اور پہلےمرحلہ میں گلوکوز میں تبدیل ہو جاتی ہے اور یہی گلوکوز جسم کو توانائی فراہم کرتا ہے۔

وزن گھٹنا اور چربی پگھلنا

اگر آپ رمضان المبارک کے دوران اپنی کھانا کھانے کی عادت کو معتدل رکھتے ہیں اور بھاری کھانے جیسے پراٹھے، پکوڑے یا اسی قسم کے دیگر کھانے سے گریز کرتے ہیں تو کوئی شک نہیں کہ اس رمضان میں آپ بہت آسانی سے اپنا وزن کم کرنے میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔ جیسے کہ ہم نے اوپر ذکر کیا کہ  روزہ رکھنے سے ہمارے جسم میں موجود اضافی چربی کے ذرات پگھلنا شروع ہو جاتے ہیں اور یہی چربی گھل کر جسم کو توانائی کی فراہمی کا ذریعہ بنتی ہے۔ یوں چربی گھلنے سے آپ کا وزن بھی کم ہوجاتا ہے اور جسم کو کسی قسم کی کمزوری یا تھکاوٹ  کا احساس بھی نہیں ہوتا۔

طویل عرصے تک جوان رہنا

ایک طبی تحقیق کے نتائج میں سے پتہ چلاہے کہ ہفتے میں صرف ایک دن روزہ رکھنا یا بھوکا رہنا قبل ازوقت بڑھاپے سے محفوظ رکھتا ہے،صحت مند زندگی اور طویل عرصے تک جوان رہنے میں ہماری مدد کرتا ہے۔

ایک طبی جریدے میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق روزہ رکھنے یا بھوکا رہنے سے زیادہ تر درمیانی عمر کے افراد کو فائدہ حاصل ہوتا ہے۔ ادھیڑ عمر افراد مہینے میں صرف پانچ دن یا ہر ہفتے میں صرف ایک دن روزہ رکھ کر خود کو ناصرف صحت مند رکھ سکتے ہیں بلکہ جوانی کے دورانیے کو بھی طویل کر سکتے ہیں۔

Post a Comment

جدید تر اس سے پرانی