رمضان المبارک کی بہترین غذائیں جو آپ کو توانا رکھیں

رمضان المبارک کی غذائيں اور مشروبات


رمضان المبارک کی بہترین غذائیں جو آپ کو توانا رکھیں

ویسے تو ہمیشہ ہی متوازن اور صحت بخش غذا کا خیال رکھنا بہت ضروری ہے لیکن رمضان المبارک کے دوران سحر و افطار میں اس کا خاص خیال رکھنا انتہائی اہم ہے اور کھانے میں اعتدال قائم رکھنا بھی بہت اہمیت کا حامل ہے۔

رمضان المبارک جیسے ہی آتا ہے ہمارے گھروں اور باورچی خانوں کی رونق میں کئی گنا اضافہ ہو جاتا ہے۔ خاص طور سے افطار کے وقت دسترخوان انواع و اقسام کے کھانوں اور مشروبات سے سج جاتا ہے ایسے میں اگر اعتدال سے کام نہ لیا جائے اور غذاؤں اور مشروبات کے انتخاب میں احتیاط سے کام نہ لیا جائےتو اس کے صحت پر برے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

لہذا رمضان المبارک میں اپنی صحت کا خیال بھی ضروری ہے تاکہ رب کے حضور عبادت کو اچھے طریقےسے بجالایا جاسکے۔

آج ہم آپ کو ایسے ہی چند مشروبات اور غذاؤں کےبارے میں بتائیں جن کے رمضان المبارک میں استعمال سے آپ عبادت کے ساتھ ساتھ اپنی صحت کا بھی خیال رکھ سکتے ہیں۔

رمضان کے مشروبات

سب سے پہلے ہم مفید مشروبات پر ایک نظر ڈالتے ہیں:

خوبانی کا رس

قدرت کی جانب سے عطاکردہ خوبانی فائبر اور وٹامن A سے بھرپور ہوتی ہے۔ خوبانی میں ریٹینول بھی موجودہوتا ہے جو کہ جسم میں آسانی سے جذب ہونے والا مادہ ہے اور ہاضمے کے عمل کو تیزکرتا ہے۔

کیلے کا شیک

کیلوں کے اندرپوٹاشیم، فائبر اور وٹامن C اور B6 سے بھرپور مقدار موجود ہوتی ہے۔ صبح ناشتے کے دوران دودھ کے ساتھ ایک سے دو کیلے ملا کر اس مزیدار شیک کا ایک گلاس پیاجاسکتا ہے۔ یہ آپ کو زبردست توانائی فراہم کرے گا اور اگلے دن روزہ رکھنے میں آپ کی مدد کرے گا۔

بادام کا ملک شیک

بادام کا ملک شیک تیارکرنے  کے لیے آپ 10 سے 12 باداموں کو ایک کپ پانی میں رات بھر بھگو دیں، پھر باداموں سے چھلکا اتار لیں۔ اس کے بعد ایک کپ دودھ کو بھگوئے ہوئے بادام، ایک چمچ شہد اور الائچی کے ساتھ شیک کر کے استعمال کریں۔

 یہ مشروب غذائی فوائد سے مالامال ہے، جو آپ کو اگلے دن روزہ رکھنے کے لیے درکار توانائی فراہم کرتا ہے۔

پانی

پانی کوتمام مشروبات کا بادشاہ کہا جاتا ہے کیونکہ یہ جسم کو ہائیڈریشن فراہم کرتا ہے، توانائی فراہم کرتا ہے اور ہاضمے میں مدد کرتا ہے۔ رمضان المبارک میں پانی کی کمی سےبچنے کیلئے افطار سے لیکر سحری تک پانی کا استعمال لازمی کریں۔

پودینہ لیمونیڈ

لیموں، پانی اور پودینے کے پتوں کو ملا کربنایاگیا یہ ایک بہت مفید مشروب ہے جسے افطار کے دوران استعمال کیا جا سکتا ہے۔ یہ وٹامن C اور فائبر سے بھرپور مشروب ہے اور اس میں ایک چمچ شہد بھی شامل کیاجاسکتا ہے۔ اس مشروب کا ایک گلاس دن بھر کے روزے کے بعد آپ کو صحت یابی اور توانائی دینے کے لیے کافی ہے۔

کھجور اور دودھ

کھجور اور دودھ سے بنا یہ شربت بہترین مشروبات میں سے ایک ہے جس کا استعمال افطار کے لیے یقینی بنانا چاہیے۔ چند کھجوروں کو ایک کپ ملائی والے دودھ میں بھگو کر تقریباً 12 گھنٹے کے لیے چھوڑ دیں اورپھر اس مفید مشروب سے افطار کریں۔

رمضان کی غذائیں

پالک

طبی ماہرین کے مطابق  پالک آئرن سے بھرپور ہوتی ہے اور اگر کوئی شخص توانائی میں اضافے کا خواہشمند ہو تو پالک کا استعمال بہت ضروری ہے کیونکہ جسم میں آئرن کی کمی دماغ میں آکسیجن کے بہاؤ کو کم کر دیتی ہے اور انسان تھکاوٹ محسوس کرتا ہے۔

 جسم میں توانائی کی کمی سے بچنے کے لیے کھانے میں کچھ پالک شامل کریں یا فروٹ سے بنے ہوئے مشروبات کو شامل کریں۔

پنیر

طبی تحقیق کے مطابق  ایک کپ کاٹیج پنیر میں 25 گرام پروٹین ہوتا ہے اور ایک طبی  جریدے میں شائع ہونے والی ایک تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ کاٹیج پنیر کے تسکین بخش اثرات انڈے کےتسکین بخش اثرات سے مطابقت رکھتے ہیں۔

دہی

دہی بھی توانائی فراہم کرتا ہے لہذا توانائی کو برقرار رکھنے کیلئے دہی کا استعمال مفید ہے۔ دہی میں 6 اونس کی ایک سرونگ میں 18 گرام پروٹین موجود ہوتا ہے۔

انڈے

ماہرین غذائیت کے مطابق خاص طور پر زردی سمیت پورا انڈا کھانا توانائی فراہم کرنے والی غذاؤں میں سے ایک بہترین آپشن ہے۔ یہ مستحکم خون کی شکر کی سطح کو برقرار رکھنے میں مدد دیتا ہے۔

چنے

طب کےمطابق آدھا کپ چنے کھانے سے جسم کو 15 گرام پروٹین کے ساتھ ساتھ مونو سیچوریٹڈ فیٹس بھی ملتی ہیں جو کہ ہمارے دل کی صحت کے لیے بہت ضروری  ہیں۔

 چنے کو سلاد میں شامل کیا جا سکتا ہے اور بھوننے کے بعد ٹوسٹ کی جگہ بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

Post a Comment

جدید تر اس سے پرانی